گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا جامعتہ الرشید کا دورہ

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا جامعتہ الرشید کا دورہ

Posted on: 01 Nov 2022   Tags:
کراچی ( اکتوبر31 )
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جامعتہ الرشید نے سرپرست اعلیٰ مفتی عبدالرحیم کی قیادت میں صرف 20 سال کے عرصہ میں نمایاں ترقی کی ہے،جامعہ میں دینی اور عصری تعلیم کا امتراج اسے ایک ممتاز و منفرد درس گاہ بناتا ہے اس ضمن میں قاعدہ سے مفتی اور نرسری سے ماسٹر تک کلاسز کے اہتمام پر مفتی عبدالرحیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعتہ الرشید کے دورہ کے موقع پر کیا ۔ گورنرسندھ نے جامعتہ الرشید کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ۔ گورنرسندھ کو بتایا گیا کہ جامعتہ الرشید کے تحت سیلاب متاثرین کے لئے بھی امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں جس کے تحت بے گھر اور مالی امداد کے منتظر متاثرین کی بھرپور مدد کی جارہی ہے ۔ گورنرسندھ نے سیلاب متاثرین کی مدد کے کام کی تعریف بھی کی ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ جامعہ کا الغزالی یونیورسٹی کا منصوبہ بھی سراہے جانے کے لائق ہے، الغزالی یونیورسٹی کی منظوری میں بھرپور تعاون کروں گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیغام پاکستان کی تیاری میں مفتی عبدالرحیم کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، جامعتہ الرشید کے کراچی انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ سائنسز (KIMS) سے بھی بہترین پروفیشنلز سامنے آرہے ہیں بالخصوص جامعہ کے تحت بے سہارا بچوں کے لئے ماوی ہومز منصوبہ بھی قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ مفتی عبدالرحیم بلاشبہ اپنی ذات میں ایک انجمن ہیں، ان کے سینکڑوں شاگرد پورے پاکستان میں دین کی روشنی پھیلارہے ہیں ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ جامعتہ الرشید کے منصوبوں میں مکمل مدد اور تعاون کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جامعتہ الرشید میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال بھی لائق تحسین ہے۔مفتی عبد الرحیم نے گورنرسندھ کو بتایا کہ جامعہ میں 40 تعلیمی شعبہ جات ہیں جن میں درس نظامی، کلیہ الشریعہ، فقہ المعاملات اور دیگر شامل ہیں یہاں دینی اور عصری علوم کو ابتداءسے انتہا تک پڑھایا جاتا ہے ۔
Back