گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں 'آئی ٹی مارکی' کا افتتاح کر دیا
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں 'آئی ٹی مارکی' کا افتتاح کر دیا
Posted on: 12 Apr 2026 Tags: Governmentکراچی (11 اپریل) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس میں 'آئی ٹی مارکی' کا افتتاح کر دیا
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت گورنر ہاؤس میں قائم کردہ جدید "آئی ٹی مارکی " کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس پروقار تقریب میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان ، بشیر میمن، راجہ انصاری اور پی ایم وائی پی، سندھ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق بھی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد گورنر سندھ نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا اور وہاں موجود جدید کمپیوٹرز اور دیگر آئی ٹی آلات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے آراستہ کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے جو انہیں معاشی طور پر خود مختار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو محض تربیت ہی نہیں بلکہ لیپ ٹاپ، بزنس لون، اسکالرشپ اور ملازمت کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایم وائی پی کے تحت 200 سے زائد شعبوں میں ووکیشنل اور ٹیکنیکل تربیت دی جائے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کورسز مکمل کرنے والے نوجوانوں کو حکومت پاکستان کے ادارے 'نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن' (NAVTTC) کی جانب سے مستند سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے، جس سے انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ بھر میں آئی ٹی انقلاب لایا جائے گا اور ہر نوجوان کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ کراچی سے کشمور تک پورے سندھ کو ایک بڑا آئی ٹی حب بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت سندھ میں آئی ٹی تعلیم کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جو نوجوانوں کے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
علاقائی اور عالمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی عالمی امن کے لیے خدمات قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن کے قیام کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے امن پیغام کو سراہ رہی ہے، جو پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود خان اور بشیر میمن نے بھی خطاب کیا۔