گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے 23 ویں بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش کا افتتاح کردیا
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے 23 ویں بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش کا افتتاح کردیا
Posted on: 02 Jun 2026 Tags: Governmentکراچی ( مئی12 ) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے 23 ویں بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش کا افتتاح کردیا
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے 23 ویں بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش (انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ایکسپو) کا افتتاح کردیا اور پاک چین دوستی کے اظہار کے طور پر خصوصی کیک بھی کاٹا۔ تین روزہ نمائش 14 مئی تک جاری رہے گی جس میں دو سو سے زائد ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنے اسٹالز قائم کئے ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ 23 ویں بین الاقوامی تجارتی و صنعتی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے اور یہ پاکستان کی صنعتی و تجارتی ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور 2022ءکے بعد مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اس منصوبے کو دوبارہ فعال کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دیرینہ، مضبوط اور بااعتماد ہیں جبکہ پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مل کر سی پیک کو اپنے عروج تک پہنچائیں گے اور ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ چین جا کر جدید علم اور ہنر حاصل کر رہے ہیں جبکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں دفاعی اور سفارتی روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معرکہ حق میں چین کا تعاون قابلِ تحسین رہا اور افواجِ پاکستان نے 10 مئی 2025 کو دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مزید کہا کہ حکومت اب معیشت کے استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے جبکہ سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نمائشیں نہ صرف بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی مارکیٹ سے روشناس کراتی ہیں بلکہ مقامی صنعتوں کو بھی عالمی سطح پر متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔بعد ازاں گورنر سندھ نے نمائش میں قائم مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور جدید ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی اور اس کے عوامی فوائد کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔
Back