گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کا دورہ
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کا دورہ
Posted on: 01 Aug 2026 Tags: Governmentکراچی ( جولائی15) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کا دورہ
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ سائٹ پاکستان کی صنعتی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی ترقی، تحفظ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ صنعتکاروں کو محفوظ ماحول، معیاری انفراسٹرکچر اور بلا تعطل یوٹیلٹی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرحمن فودا، بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا، سابق صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی اور دیگر صنعتکار بھی موجود تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی صنعتوں کو عالمی معیار کی مسابقتی مصنوعات تیار کرکے بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی مضبوط شناخت قائم کرنی ہوگی تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو اور ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر مزید مستحکم ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی مو ¿ثر قیادت اور دانشمندانہ اقدامات کے باعث آج دنیا میں پاکستان کا وقار پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہوا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور ملکی معیشت کو بھی تقویت ملی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے شہداءقوم کا فخر ہیں، جنہوں نے اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی خوشیوں کی قربانی دے کر وطن کے امن، سلامتی اور استحکام کو یقینی بنایا۔ پوری قوم ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سائٹ ایریا کے انفراسٹرکچر، گرین بیلٹس کی بحالی اور صنعتی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے 5 ارب روپے فراہم کیے ہیں، جس سے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صنعتی علاقوں سے سامان کی بروقت ترسیل کے لیے مضبوط اور معیاری سڑکوں کی تعمیر ناگزیر ہے، تاہم افسوس کے ساتھ مختلف ادارے اور بعض عناصر بغیر اجازت سڑکیں کاٹ دیتے ہیں، جس سے انفراسٹرکچر کو نقصان اور صنعتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ بجلی، گیس، پانی، سیوریج اور دیگر یوٹیلٹی منصوبوں میں باہمی رابطے کے ذریعے کام کیا جائے تاکہ سڑکوں کو بار بار کھودنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ سائٹ میں سیکیورٹی کا مسئلہ بھی انتہائی اہم ہے۔ ماضی میں یہاں دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری جیسے واقعات پیش آتے رہے ہیں، اس لیے صنعتکاروں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ سائٹ ایسوسی ایشن بھی اسٹیٹ بینک کی طرح قومی معیشت کا ایک قیمتی خزانہ ہے اور اس خزانے کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سائٹ کمزور ہوگی تو پوری قومی معیشت متاثر ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتکاروں کے ادا کیے گئے ٹیکس سے ریاستی نظام چلتا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہوتے ہیں، اس لیے حکومت کی ذمہ داری ہے کہ صنعتکاروں کو گیس، بجلی، پانی، سیکیورٹی اور دیگر بنیادی سہولیات بلا تعطل فراہم کرے۔گورنر سندھ نے سائٹ کو ملکی معیشت کا "کنواں" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسی کنویں کو نقصان پہنچایا جائے تو اس کے اثرات پوری قومی معیشت پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت صنعتکار برادری کو ہر ممکن سہولت، تحفظ اور تعاون فراہم کرتی رہے گی تاکہ پاکستان صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کی جانب مزید تیزی سے گامزن ہو سکے۔
Back