گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا “نفرت انگیز تقاریر کے سدباب کے عالمی دن” پر خصوصی پیغام

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا “نفرت انگیز تقاریر کے سدباب کے عالمی دن” پر خصوصی پیغام

Posted on: 05 Jul 2026   Tags: Government

کراچی ( جون18) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا “نفرت انگیز تقاریر کے سدباب کے عالمی دن” پر خصوصی پیغام

 گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے “نفرت انگیز تقاریر کے سدباب کے عالمی دن” کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نفرت انگیز تقاریر معاشروں میں تقسیم، تشدد، انتہا پسندی اور عدم برداشت کو فروغ دیتی ہیں، اس لیے ایسے رجحانات کی حوصلہ شکنی اور مثبت سماجی رویّوں کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
 
گورنر سندھ نے کہا کہ محبت، احترام، رواداری اور باہمی اعتماد ہی ایک پ ±رامن، مستحکم اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر نفرت، تعصب اور انتشار سے نہیں بلکہ برداشت، مکالمے اور باہمی احترام سے ممکن ہوتی ہے۔
 
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوری معاشروں کا حسن اور صحت مند روایت ہے، تاہم اختلاف کو نفرت اور تفرقے کا ذریعہ بنانے کے بجائے مکالمے، دلیل اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب، ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا حسین امتزاج ہے اور مذہبی، نسلی، لسانی اور ثقافتی ہم آہنگی ہماری قومی طاقت اور یکجہتی کی علامت ہے، جس کے تحفظ اور فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
 
گورنر سندھ نے نوجوان نسل کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں برداشت، ذمہ دارانہ اظہارِ رائے، اخلاقی اقدار اور مثبت سماجی رویّوں کا شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایک متوازن اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
 
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سمیت ہر پلیٹ فارم پر ذمہ دارانہ، مہذب اور تعمیری طرزِ گفتگو اختیار کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ الفاظ معاشرے کی تشکیل اور فکری سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
 
گورنر سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ آئیں نفرت، تعصب اور تقسیم کے بجائے امن، اتحاد، اخوت اور احترامِ انسانیت کے پیغام کو عام کریں تاکہ ایک پرامن، مضبوط اور ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
Back