گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا حبیب یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا حبیب یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب

Posted on: 01 Jul 2026   Tags: Government

کراچی (06 جون 2026) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا حبیب یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے حبیب یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی اور فارغ التحصیل طلبہ و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کامیاب گریجویٹس، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف طلبہ کی نہیں بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور اساتذہ کی محنت اور رہنمائی کا بھی نتیجہ ہے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک خوشحال، تعلیم یافتہ اور برداشت پر مبنی معاشرہ ہی ترقی کی اصل بنیاد ہوتا ہے، جہاں زبان، مسلک یا کسی بھی بنیاد پر امتیازی رویوں کی گنجائش نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جامعات سے فارغ التحصیل نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہوگا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ آج دنیا تیزی سے جدت، تحقیق اور ٹیکنالوجی کی جانب بڑھ رہی ہے جبکہ کاروباری شعبہ بھی جدید تقاضوں کے مطابق تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔ ایسے میں نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اختراع، تحقیق اور عملی مہارتوں پر توجہ دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ان شائ اللہ 2047 میں ہم پاکستان کے قیام کے 100 سال مکمل ہونے کی تقریبات منائیں گے۔ پاکستان ایک عظیم جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے سیاسی، جمہوری اور آئینی حق کے تحت ایک آزاد وطن حاصل کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری قومی قیادت اور مسلح افواج ملک کے امن، استحکام اور دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ دفاعی محاذ پر پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، تاہم معاشی استحکام اور ترقی کا معرکہ ہم سب نے مل کر لڑنا ہے۔

انہوں نے طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم، صلاحیتوں اور کردار کے ذریعے پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالیں اور ملک کو خوشحالی اور خود انحصاری کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو خصوصی مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Back