گورنر سندھ سے روسی سفیر کی ملاقات

گورنر سندھ سے روسی سفیر کی ملاقات

Posted on: 12 Apr 2026   Tags: Government

کراچی (03 اپریل) گورنر سندھ سے روسی سفیر کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاک-روس تعلقات نئی جہت کی طرف گامزن ہیں، جبکہ دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں پر مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار روس کے سفیر البرٹ خوریف سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں کراچی میں تعینات روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹورووچ فیڈوروف اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ روسی سفیر نے سید محمد نہال ہاشمی کو گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں جانب سے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

روسی سفیر البرٹ خوریف نے گفتگو کے دوران بتایا کہ کراچی اور سینٹ پیٹرزبرگ سسٹر سٹیز ہیں اور دونوں شہروں کے درمیان ثقافتی، سیاحتی اور تعلیمی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں روسی سفیر نے زراعت کے شعبے میں استعمال ہونے والی جدید ڈرون ٹیکنالوجی پر تفصیلی بریفنگ دی اور پاکستان کے ساتھ اس شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان اسٹیل ملز کو ازسرنو فعال بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ روس انفراسٹرکچر کی بہتری، نکاسیٔ آب اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس ہنگامی حالات سے نمٹنے، سول ڈیفنس اور دیگر شعبوں میں بھی معاونت فراہم کرنا چاہتا ہے۔ روسی سفیر نے بتایا کہ روسی حکومت نے اس سال پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی تعداد تین گنا بڑھا دی ہے، جس سے تعلیمی تعاون کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے روسی سفیر کی پیشکش کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں باہمی روابط کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
 
Back