گورنر سندھ نے ٹرانسپورٹرز کو حکومت کے مشکل فیصلوں میں ساتھ دینے کی اپیل، مسائل کے حل کی یقین دہانی

گورنر سندھ نے ٹرانسپورٹرز کو حکومت کے مشکل فیصلوں میں ساتھ دینے کی اپیل، مسائل کے حل کی یقین دہانی

Posted on: 25 Sep 2026   Tags: Government

کراچی (26جولائی) گورنر سندھ نے ٹرانسپورٹرز کو حکومت کے مشکل فیصلوں میں ساتھ دینے کی اپیل، مسائل کے حل کی یقین دہانی

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر عوام، بالخصوص پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر، حکومت کے مشکل فیصلوں میں بھرپور ساتھ دیں کیونکہ قومی مفاد سب سے مقدم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملک شہزاد اعوان نے گورنر سندھ کو بتایا کہ جنگی حالات کے باعث ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود قومی مفاد میں گاڑیاں نقصان برداشت کرتے ہوئے بھی چلائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر محصولات میں ریلیف دیا جائے، جبکہ دسمبر میں ہونے والے معاہدے پر بھی عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل متعلقہ وفاقی حکام کے سامنے اٹھائے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے مسائل سنجیدگی سے سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔

Back