گورنر سندھ کی گورنر ہاؤس میں قومی پیغام امن کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس
گورنر سندھ کی گورنر ہاؤس میں قومی پیغام امن کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس
Posted on: 01 Aug 2026 Tags: Governmentکراچی (16 جولائی) گورنر سندھ کی گورنر ہاؤس میں قومی پیغام امن کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ "شہید" قرآنِ مجید کا لفظ ہے، آئینِ پاکستان کا نہیں۔ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے اور ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے شہداء سے متعلق جو الفاظ استعمال کیے، امید ہے کہ وہ آج اپنی بات پر نظرثانی کرتے ہوئے اپنے الفاظ واپس لیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں قومی پیغام امن کمیٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اسلام امن، محبت، برداشت اور رواداری کا مذہب ہے۔ پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، رینجرز، پولیس اور وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والا ہر فرد شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ انسانیت کی توہین کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر پوری قوم کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دلیر فیلڈ مارشل نے دشمن پر ہیبت طاری کر رکھی ہے اور جو لوگ پاکستان کی کامیابی پر شرمندہ ہیں، درحقیقت ہمیں ان کے رویے پر افسوس ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور قومی پیغام امن کمیٹی کے رہنما حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی ملک بھر کے تمام مکاتبِ فکر اور مشائخ کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جس کا دائرہ کار ڈویژن اور ضلعی سطح تک وسیع کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور کسی کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ شہداء یا غازیوں کی توہین کرے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ ہزار سے زائد علمائے کرام پاکستان کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں اور علمائے کرام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کا مشترکہ وطن ہے، اور جو بھی پاکستان پر جارحیت کرے گا وہ پوری قوم کا دشمن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل خطے میں کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم پاکستان کے امن، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، پیغامِ پاکستان ایک متفقہ قومی دستاویز ہے اور ضابطۂ اخلاق پر مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔