گورنر سندھ کا ڈیلفا کیٹل شو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب
گورنر سندھ کا ڈیلفا کیٹل شو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب
Posted on: 27 Apr 2026 Tags:کراچی (17 اپریل) گورنر سندھ کا ڈیلفا کیٹل شو 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں زراعت اور لائیو اسٹاک بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ یہ شعبہ دیہی معیشت کی مضبوط بنیاد اور لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلفا کیٹل شو جیسی نمائشیں کسانوں، ماہرین اور صنعتکاروں کے لیے ایک مؤثر اور نتیجہ خیز پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں، جہاں جدید رجحانات، تحقیق اور ٹیکنالوجی کا تبادلہ ممکن ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانچویں ڈیلفا کیٹل شو 2026 کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ یہ نمائش نہ صرف ملکی سطح پر زرعی و لائیو اسٹاک شعبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوگی بلکہ بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں سے روشناس کرانے کا بھی اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے ایونٹس صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ گورنر سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نمائش کسانوں کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گی اور انہیں جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی تک آسان رسائی فراہم کرے گی، جس سے زرعی پیداوار اور معیشت کو مزید تقویت ملے گی۔
اس سے قبل گورنر سندھ کی آمد پر بدر ایکسپو کے سی ای او زوہیر نصیر، ڈیلفا کے پیٹرن ان چیف ہارث علی مٹھانی اور دیگر معززین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جہاں انہیں مویشیوں کی مختلف نسلوں کے ساتھ ساتھ جدید زرعی و لائیو اسٹاک ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی۔ گورنر سندھ نے ایویکلچر (پرندوں) کے اسٹالز کا بھی خصوصی دورہ کیا اور وہاں موجود نایاب اقسام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
منتظمین کے مطابق اس نمائش میں کسانوں، ڈیری، فشریز اور ٹیکنالوجی سیکٹر کے باہمی اشتراک سے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، جو اس شعبے کی پائیدار ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔