گورنر سندھ کا ممتاز پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کو خراجِ تحسین

گورنر سندھ کا ممتاز پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کو خراجِ تحسین

Posted on: 01 Aug 2026   Tags: Government

کراچی ( جولائی22 ) گورنر سندھ کا ممتاز پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کو خراجِ تحسین

 گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل علم، تحقیق اور اختراع سے وابستہ ہے، جبکہ سائنس اور جدید تحقیق ہی ملک کو ترقی، خود انحصاری اور عالمی مسابقت کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ مجید بار بار انسان کو تحقیق، تدبر اور علم حاصل کرنے کی تلقین کرتا ہے، اسی لیے قوموں کی ترقی کا راز بھی علم اور تحقیق میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کے زیرِ اہتمام ممتاز پاکستانی محققین اور سائنسدانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ جن قوموں نے سائنس اور تحقیق کو اپنایا وہ ترقی کی منازل طے کرتی رہیں، جبکہ تحقیق سے دور ہونے والی قومیں پیچھے رہ گئیں۔ انہوں نے ممتاز محققین اور سائنسدانوں کو قوم کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات باعثِ فخر ہیں اور ان کی تحقیق آنے والی نسلوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے پیچھے ہمارے سائنسدانوں اور محققین کی گراں قدر خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور تحقیق کے ذریعے پانی، ونڈ اور سولر توانائی سمیت مختلف شعبوں میں جدت اور ترقی کی نئی راہیں کھلتی ہیں، جبکہ مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ اور جدید ٹیکنالوجی مستقبل کی ترقی کا تعین کر رہی ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ جس ملک نے سائنس اور تحقیق کو ترجیح دی، وہی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوا۔ سائنسدانوں اور محققین کی حوصلہ افزائی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جبکہ ہر قومی پالیسی اور اہم فورم پر سائنسدانوں کی مو ¿ثر نمائندگی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی نے ملک کو بہترین انجینئرز، محققین اور سائنسدان فراہم کیے ہیں، جبکہ جامعات، صنعت اور حکومتی اداروں کے مضبوط روابط ہی علم پر مبنی معیشت کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، تحقیق اور اختراع کو اپنی پہچان بنائیں، کیونکہ آنے والی نسلوں کے لیے وہی رول ماڈل ثابت ہوں گے جو علم اور تحقیق کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جبکہ 28 مئی 1998 کو میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں کامیاب ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی دفاع، سائنسی خود انحصاری اور محققین و سائنسدانوں کی انتھک محنت کا تاریخی مظہر ہے۔انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے ممتاز محققین اور سائنسدانوں کی خدمات کے اعتراف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ملک میں تحقیق اور جدت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان انجینئر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ نوجوان محققین کو نیشنل ریسرچ پروگرام اور گلوبل ریسرچ کیٹیگریز کے تحت مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریسرچ پروگرام کے لیے سات ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 142 منصوبوں کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کے فروغ کے لیے چار ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، رواں سال 142 ریسرچ پروجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 43 تھی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان منصوبوں کے ثمرات براہِ راست معاشرے تک پہنچیں گے۔صوبائی وزیر برائے جامعات و بورڈز اسماعیل راہو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات میں تحقیق کے کلچر کو مزید فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Back