کمشنر آفس سکھر میں گورنر سندھ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس
کمشنر آفس سکھر میں گورنر سندھ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس
Posted on: 22 May 2026 Tags:سکھر 23 اپریل: کمشنر آفس سکھر میں گورنر سندھ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی صدارت میں کمشنر آفس سکھر میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف وفاقی و صوبائی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں نادرا، ایف آئی اے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سیپکو، ایس ایس جی سی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، پولیس، محکمہ اطلاعات، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔
اجلاس میں مختلف اداروں کی کارکردگی، عوامی مسائل کے حل اور بین الاداراتی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے سیپکو کے آپریشن ہیڈ کو ادارے کی کارکردگی کی تفصیلی رپورٹ جلد از جلد جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ای پی زیڈ(Export Processing Zones)اور صارفین کی کیٹیگرائزیشن کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے دوران گورنر سندھ نے ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے نادرا کو خصوصی افراد(Persons with Disabilities)کے لیے خصوصی سہولیات اور خدمات کے مزید بہتر اور آسان انتظامات کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
گورنر سندھ نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا پر سرگرم ایسے عناصر، خصوصاً وہ افراد جو خواتین اور معاشرتی اقدار کے خلاف منفی یا غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ معاشرتی اقدار کے تحفظ اور ایک مثبت اور ذمہ دار ڈیجیٹل ماحول کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں۔