گورنرسندھ سے سام سنگ کمپنی کے تین رکنی وفد کی ملاقات
گورنرسندھ سے سام سنگ کمپنی کے تین رکنی وفد کی ملاقات
Posted on: 14 Mar 2019 Tags:
کراچی ( مارچ 13 )
گورنرسندھ عمران اسماعیل سے سام سنگ کمپنی کا تین رکنی وفد جس کی سربراہی ایم ڈی سام سنگ الیکٹرانکس پاکستان یانگ چینگ کررہے تھے ، نے ڈائریکٹر ہوسون چوائے اور پاکستان میں کمپنی کے موبائل بزنس ڈویزن کے ہیڈ عمر گھمن کے ہمراہ گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان میں سام سنگ موبائل کے مینو فیکچرنگ یونٹ کے قیام میں وفد کے سربراہ یانگ چینگ نے اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ سام سنگ اپنا موبائل بزنس پاکستان میں بڑھانا چاہتی ہے جس پر مختلف آپشن پر غور کیا جا رہا ہے اس وقت کوریا ، چائنہ ، ویت نام ، بنگلہ دیش سمیت دیگر ملکوں میں سام سنگ موبائل مینو فیکچر کررہے ہیںجبکہ پاکستا ن میں موبائل مارکیٹ کا38 فیصد شیئر سام سنگ فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ سام سنگ اس ضمن میں تجاویز دے ،کمپنی کو اسپیشل اکنامک زون میں جگہ بھی فراہم کریں گے ،بیرونی سرمایہ کاری لانے پر سام سنگ کمپنی کو ٹیکس میں بھی ریبیٹ د یا جا سکتا ہے ، کمپنی کو پاکستان میں جن دشواریوں کا سامنا ہے حکومت انھیں دور کرنے کے لئے بھی تیار ہے کیونکہ وزیر اعظم پاکستان کا وژن ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کار تیزی سے رخ کررہے ہیں ، سام سنگ کمپنی بھی شہر کی استعداد سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کے لئے سرمایہ کاری کرے حکومت ہر ممکن تعاون او مدد فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا وژن ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول تیار کیا جائے اس ضمن میں سرمایہ کاری کے موافق ماحول یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،آج کا کراچی پر امن اور روشنیوں کا شہر ہے جہاں پر کرکٹ کے مقابلے زور و شور سے جاری ہیں پورا شہر کرکٹ کے سحر میں مبتلا نظر آرہاہے ہر طرف کرکٹ کی بہار امڈ آئیں ہیں ا س ماحول میں موبائل کا کاروبار بھی زوروں پر ہے ، شہر میں اس طرح کے دیگر ایونٹس کے انعقاد کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ شہر میں کھیلوں کی سرگرمیاں مزید اجاگر ہو سکیں ۔
|