گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی یومِ عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی یومِ عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت
Posted on: 05 Jul 2026 Tags: Governmentکراچی (جون 26) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کی یومِ عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے یومِ عاشورہ کے مرکزی جلوس میں شرکت کی، عزاداروں سے ملاقات کی اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید الشہداء حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی قیامت تک حق، صداقت، صبر، استقامت اور ایثار کا روشن مینار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ یومِ عاشورہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ حق اور سچ کی خاطر جان، مال اور ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ حضور اکرم ﷺ کے دین اور پیغامِ حق کی سربلندی کے لیے ہر مسلمان کو حضرت امام حسینؓ کے اسوہ سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کرپشن، ناانصافی، ظلم، بے راہ روی اور دوسروں کے حقوق غصب کرنے والوں کا ساتھ دینا حسینی تعلیمات کے منافی ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں، ایک مسلمان کو ہمیشہ حق، انصاف اور سچ کا ساتھ دینا چاہیے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ یومِ عاشورہ پر کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام نے مثالی نظم و ضبط، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کے پیغام کو سمجھنے اور اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیغامِ کربلا صرف الفاظ تک محدود نہیں بلکہ عملی زندگی میں سچ، انصاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا نام ہے۔ چودہ سو برس گزرنے کے باوجود کربلا کا پیغام یہی ہے کہ حق کبھی دولت، طاقت، رشوت اور کرپشن کے سامنے سر نہیں جھکاتا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اصل طاقت اللہ تعالیٰ کی اطاعت، رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات، حق و انصاف کے قیام اور غریب و مجبور انسان کی خدمت میں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اتحاد، اخوت اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ پیغامِ حسینؓ کو معاشرے میں عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو بھی حق، انصاف اور سچ کے ساتھ کھڑا ہے، وہ حسینی فکر کا علمبردار ہے۔ "اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد" کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اسی حسینی فکر، کردار اور قربانی کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔