گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم تقریب سے خطاب

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم تقریب سے خطاب

Posted on: 05 Jul 2026   Tags: Government

کراچی ( جون13) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی کا وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم تقریب سے خطاب

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان نوجوانوں سے گفتگو کرنا چاہتے ہیں جو خواب دیکھتے ہیں، خواب سجاتے ہیں اور اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طب ایک ایسا عظیم پیشہ ہے جو صرف علاج تک محدود نہیں بلکہ معاشرے کی رہنمائی اور انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بھی ہے۔ ڈاکٹرز کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ سماجی شعور اور خدمت کے جذبے کو بھی فروغ دینا چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو صرف نعرے نہیں بلکہ عملی رہنمائی، مواقع اور ترقی کے راستے فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہنر مند اور تربیت یافتہ افراد کی مانگ بڑھ رہی ہے اور پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں سے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا دور ہے، جہاں طبی شعبے سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں جدید مشینری اور ڈیجیٹل نظام تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہوئے بغیر معیاری علاج اور پیشہ ورانہ ترقی ممکن نہیں۔گورنر سندھ نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم کو جاری رکھیں، تحقیق اور جدت کو اپنائیں اور اپنی یونیورسٹی سے تعلق کو ہمیشہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بننے کا مقصد صرف مالی کامیابی نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت اور معاشرے کی بہتری ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں معیار، احتساب اور کارکردگی کو فروغ دینا ضروری ہے اور اداروں کو سیاسی اثرات سے بالاتر ہو کر تعلیم، تحقیق اور قومی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔گورنر سندھ نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو مرد و خواتین، بچوں اور ملازمین سمیت تمام طبقات کو جائز حقوق فراہم کرتا ہے اور معاشرے میں انصاف، علم اور خدمت کے اصولوں کو فروغ دیتا ہے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے اور نوجوانوں کی تعلیمی و پیشہ ورانہ ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس سے قبل وزیراعظم یوتھ پروگرام کے سندھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر فہد شفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کے تحت رواں سال اب تک مختلف جامعات میں 20 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ لیپ ٹاپ کی تقسیم مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرکاری جامعات کے طلبہ و طالبات میں تقسیم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال اس تعداد کو بڑھا کر دو لاکھ کرنے کا منصوبہ ہے۔ڈاکٹر فہد شفیق نے کہا کہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ہر طالب علم کو 4 لاکھ روپے تک کے لیپ ٹاپ کے حصول کے لیے کم مارک اپ پر قرض کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ نوجوان ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بن سکیں۔انہوں نے بتایا کہ مختلف جامعات میں ڈیجیٹل لیبز اور انکیوبیٹرز کے قیام کے ذریعے نوجوانوں کو کاروباری مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں اور اسٹارٹ اپس کے لیے 2 کروڑ روپے تک کی مالی معاونت دستیاب ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ کلینکس اور اسپتالوں کے قیام کے لیے بھی 2 کروڑ روپے تک قرض کی سہولت موجود ہے۔ڈاکٹر فہد شفیق نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کھیلوں کے شعبے میں بھی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ڈیجیٹل یوتھ حب پر مختلف اسکالرشپس کے مواقع بھی نوجوانوں کے لیے دستیاب ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی ڈاکٹر وسیم قاضی نے یونیورسٹی میں موجود جدید سہولیات اور تعلیمی ماحول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور جدید تعلیمی ماحول کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں جدید تعلیمی اور سہولتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ڈاکٹر وسیم قاضی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کی پیشہ ورانہ اور عملی استعداد بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ وہ عملی میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ مستقبل میں بھی تعلیمی معیار کی بہتری، تحقیق کے فروغ اور طلبہ کی مہارتوں میں اضافہ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔ تقریب سے پی ایم ایل (ن) کے صدر سوشل میڈیا سندھ خرم عباس بھٹی نے بھی خطاب کیا. آخر میں گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے طلبہ وطالبات میں لیپ ٹپس تقسیم کئے
Back