گورنر سندھ سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات

گورنر سندھ سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات

Posted on: 15 Apr 2026   Tags: Government

کراچی (12 اپریل) گورنر سندھ سے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر کی ملاقات 

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایجوکیشن اور کلچرل ایکسچینج پروگرامز کو مزید فروغ دینا باہمی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے پکوان، ثقافت اور تہذیب میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت بھی موجود تھے۔ ہائی کمشنر نے سید محمد نہال ہاشمی کو گورنر سندھ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی سرجیکل آلات، فٹبال اور لیدر مصنوعات کی عالمی سطح پر نمایاں مانگ ہے۔ ملاقات کے دوران پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک بنگلہ دیش مفادات مشترکہ ہیں اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہم آہنگی کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر ہائی کمشنر نے بتایا کہ بنگلہ دیش پاکستان سے کوئلہ، لائم اسٹون، کیمیکل، لیدر، فرٹیلائزر، سیمنٹ کے خام مال اور گارمنٹس درآمد کرتا ہے۔ ڈپٹی ہائی کمشنر کے مطابق پاک بنگلہ دیش تجارتی حجم 800 ملین ڈالرز سے تجاوز کر چکا ہے جس میں بتدریج 20 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Back