گورنر سندھ کی پانچویں کراچی کلائمیٹ فیسٹیول میں شرکت
گورنر سندھ کی پانچویں کراچی کلائمیٹ فیسٹیول میں شرکت
Posted on: 01 Jul 2026 Tags: Governmentکراچی (05 جون) گورنر سندھ کی پانچویں کراچی کلائمیٹ فیسٹیول میں شرکت
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے پانچویں کراچی کلائمیٹ فیسٹیول 2026 میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے تقریب کو ماحولیات کے فروغ اور ماحولیاتی آگاہی کے لیے ایک اہم اور بروقت اقدام قرار دیا۔
گورنر سندھ نے موسمیاتی تبدیلیوں کو پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیتے ہوئے اس کے تدارک کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے شدید گرمی، غیر متوقع بارشوں، سیلاب، پانی کی قلت اور فضائی آلودگی جیسے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی اس وقت ماحولیاتی آلودگی، درختوں کی کمی اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ انہوں نے شجرکاری کو محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت قرار دیا۔
گورنر سندھ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ماحول کے تحفظ کو قومی ذمہ داری سمجھیں اور شجرکاری مہمات میں فعال کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک فرد، ایک خاندان اور ایک ادارہ سالانہ چند درخت لگائے تو نمایاں ماحولیاتی بہتری ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے شجرکاری، صاف ستھرے شہروں اور پائیدار ترقی کے اقدامات جاری ہیں۔ ماحول کے تحفظ کے لیے حکومت، نجی شعبے، تعلیمی اداروں اور شہریوں کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
گورنر سندھ نے فیسٹیول کے منتظمین کو ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور درخت لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی نگہداشت کو بھی قومی ذمہ داری قرار دیا۔