گورنر سندھ کی ڈاکٹر اکمل سلطان سے ملاقات
گورنر سندھ کی ڈاکٹر اکمل سلطان سے ملاقات
Posted on: 01 Jul 2026 Tags: Governmentکراچی (20 مئی) گورنر سندھ کی ڈاکٹر اکمل سلطان سے ملاقات
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، خصوصاً ایس ایم ای سیکٹر میں جو اقتصادی ترقی اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوکرین کی یونین آف انٹرپرینیورز آف اسمال، میڈیم اینڈ پرائیویٹائزڈ انٹرپرائزز کے نمائندے ڈاکٹر سید اکمل سلطان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ، نجی شعبے کے روابط کو مضبوط بنانے اور پاکستان و یوکرین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر زراعت، ٹیکسٹائل، توانائی اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی زیر غور آئے۔
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ، پاکستان کا معاشی مرکز ہونے کے ناطے، بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور عالمی کاروباری برادری کے لئے بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے اور تجارت، کاروبار اور صنعتی ترقی کے فروغ کے لئے سازگار اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزنس ٹو بزنس اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنا کر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو نمایاں طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر سید اکمل سلطان نے یوکرین کے ایس ایم ای سیکٹر اور پاکستان کے درمیان کاروباری روابط کو وسعت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون نئی منڈیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے ایس ایم ای پر مبنی تجارتی سفارتکاری کے فروغ اور پاکستان و یوکرین کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔