گورنر سندھ کا "ریاست گیر مہم برائے عطیۂ خون و عوامی صحت  2026 کی افتتاحی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب

گورنر سندھ کا "ریاست گیر مہم برائے عطیۂ خون و عوامی صحت  2026 کی افتتاحی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب

Posted on: 28 Jul 2026   Tags: Government

کراچی (12 جولائی) گورنر سندھ کا "ریاست گیر مہم برائے عطیۂ خون و عوامی صحت  2026 کی افتتاحی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے گورنر ہاؤس کراچی میں "Statewide Blood Donation and Public Health Drive 2026" کی افتتاحی تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خون کا ایک عطیہ کسی انسان کو نئی زندگی دے سکتا ہے، اس لیے رضاکارانہ خون عطیہ کرنا عظیم انسانی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند قوم ہی مضبوط معیشت، خوشحال معاشرے اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ احتیاط، آگاہی اور بروقت تشخیص صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی جیسے خطرناک امراض کی روک تھام کے لیے عوامی شعور، بروقت اسکریننگ اور احتیاطی تدابیر ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان، میڈیکل و ڈینٹل طلبہ، نوجوان ڈاکٹرز اور رضاکار خدمتِ انسانیت میں مثالی کردار ادا کر رہے ہیں، جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خون کے عطیات، مفت ہیپاٹائٹس اسکریننگ، ڈینٹل چیک اپ اور بیسک لائف سپورٹ (BLS) کی تربیت جیسے اقدامات عوامی صحت کے فروغ میں اہم سنگِ میل ہیں۔ گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گورنر ہاؤس عوام کا گھر ہے اور عوامی خدمت، فلاح و بہبود اور صحت عامہ کے ہر مثبت منصوبے کے لیے اس کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی انتظامیہ اس قومی مہم کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے Volunteer Force Against Hepatitis Transmission (VFAHT PK)، IPAC Foundation اور Omair Sana Foundation کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ہر فرد کو تھلیسیمیا کی اسکریننگ ضرور کروانی چاہیے، نادرا کے مراکز میں اس کی مفت سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو تھلیسیمیا سے محفوظ رکھنے کے لیے شادی سے قبل تھلیسیمیا اسکریننگ ضرور کروانی چاہیے تاکہ اس موروثی مرض کی مؤثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

اس سے قبل گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے مختلف آگاہی، بلڈ ڈونیشن اور طبی سہولتوں کے اسٹالز کا دورہ کیا، خون عطیہ کرنے والے رضاکاروں سے ملاقات کی اور ان کے جذبۂ خدمتِ انسانیت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مفت ہیپاٹائٹس اسکریننگ، ڈینٹل چیک اپ، انفیکشن پریوینشن آگاہی اور بیسک لائف سپورٹ (BLS) کی تربیتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

Back